امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ والدین کے اسمارٹ فونز کے زیادہ استعمال کا براہ راست اثر بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر پڑتا ہے، جس سے ان کے غیر مناسب مواد دیکھنے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ جو والدین اسکرینز پر زیادہ وقت گزارتے ہیں، ان کے بچوں میں غیر مناسب آن لائن مواد دیکھنے کا امکان 11 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
اگر بچے سونے کے کمرے میں اسمارٹ فون استعمال کریں تو ان کے نامناسب مواد تک پہنچنے کا خطرہ 44 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ کھانے کے دوران والدین کے فون استعمال کرنے سے بچوں میں غیر مناسب مواد دیکھنے کے امکانات 19 سے 26 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں جبکہ سونے کے کمرے میں اسمارٹ فونز کے استعمال کا بچوں کی آن لائن عادات پر سب سے زیادہ منفی اثر ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے اسمارٹ فون کے استعمال کو محدود کریں، خاص طور پر بچوں کے سامنےاور کھانے کے دوران فون کے استعمال سے گریز کریں تاکہ بچوں کو بہتر خاندانی ماحول مل سکے۔ بچوں کے سونے کے کمرے میں اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی لگائیں تاکہ وہ غیر ضروری یا نقصان دہ مواد سے محفوظ رہیں۔
یہ تحقیق BMC Pediatrics نامی سائنسی جرنل میں شائع ہوئی، جس میں والدین کے ڈیجیٹل رویے اور بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کے درمیان تعلق کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔