وویک اوبرائے نے اپنی پہلی محبت کو کھونے کا درد شیئر کر دیا
ممبئی:بھارتی اداکار وویک اوبرائے نے 17 سال کی عمر میں اپنے پہلے پیار کو کینسر کے باعث کھونے کی کہانی شیئر کی
بالی ووڈ کے مشہور اداکار وویک اوبرائے نے حال ہی میں ایک ذاتی اور دل دہلا دینے والا واقعہ بیان کیا ہے، جس نے ان کی زندگی کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔ انھوں نے اپنے نوعمری کے دنوں میں 17 سال کی عمر میں اپنی بچپن کی محبت کو کینسر کی وجہ سے کھونے کے غم کو عوام کے ساتھ بانٹا۔
وویک اوبرائے نے بتایا کہ وہ اور ان کا پہلا پیار ایک دوسرے کے ساتھ پانچ سے چھ سال تک قریب رہے۔ دونوں نے ساتھ زندگی گزارنے اور شادی کے حسین خواب دیکھ رکھے تھے، لیکن تقدیر نے ان کے ان خوابوں کو چکنا چور کردیا۔ اداکار کے مطابق، ان کی محبت شدید قسم کے لیمفوبلاسٹک لیوکیمیا کے آخری مرحلے میں مبتلا تھی اور صرف دو ماہ کے اندر ان سے ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئی۔
اس دل خراش سانحے کو یاد کرتے ہوئے وویک اوبرائے نے کہا، "یہ لمحہ میری زندگی کا سب سے بڑا صدمہ تھا۔ میں اس حادثے کے بعد بکھر گیا اور مجھے زندگی کو سمجھنے کے لیے نئے زاویے اپنانا پڑے۔”
وویک نے مزید بتایا کہ اپنی محبت سے آخری ملاقات کے لمحے کو کبھی بھلا نہیں پائے۔ انھوں نے بتایا کہ کس طرح کزن کے ذریعے انہیں اپنی محبت کی بیماری کا علم ہوا اور کس طرح وہ اسپتال کے آخری دنوں میں ہر لمحہ ان کے قریب رہے۔
اداکار نے اپنے جذباتی سفر کو بیان کرتے ہوئے کہا، "یہ نہ صرف دل توڑ دینے والا لمحہ تھا بلکہ زندگی کا ایک سبق بھی تھا، جس نے مجھے دکھایا کہ کس طرح انسان کو محبت اور زندگی کی قدر کرنی چاہیے۔”
یہ جذباتی کہانی ان کے مداحوں اور دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں کو چھو گئی، اور انھیں نہ صرف اداکار بلکہ ایک حساس انسان کے طور پر بھی اجاگر کیا۔