مشہور تامل فلم ’’پشپا‘‘ کے اداکار الو ارجن کو گرفتار کر لیا گیا
حیدرآباد :مشہور تامل فلم ’’پشپا‘‘ کے اداکار الو ارجن کو حیدرآباد پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاری حیدرآباد میں فلم ’’پشپا 2‘‘ کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکت کے معاملے میں عمل میں آئی۔ ہلاکت کا افسوسناک واقعہ 4 دسمبر کو پیش آیا تھا، جس میں 39 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی اور ان کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا تھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے تھیٹر انتظامیہ، الو ارجن اور ان کی سیکیورٹی ٹیم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں فلم کے پریمیئر میں اداکار اور ان کی ٹیم کی موجودگی کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر پولیس، سینٹرل زون، حیدرآباد پولیس، اکشنش یادو نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن میں متاثرہ خاندان کی شکایت پر بی این ایس سیکشن 105 اور 118 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گرفتاری کے بعد الو ارجن کو آج مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔