شوبز میں ننگا پن کو آزادی سمجھ بیٹھی تھی، ثناء خان
بالی ووڈ کی مشہور و معروف اداکارہ و ماڈل ثناء خان نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں رہتے ہوئے شیطان نے ننگا کر دیا تھا اور وہ اس بات سے بالکل بے خبر تھیں۔ ثناء خان، جو کہ اپنی شاندار اداکاری اور ماڈلنگ کے لیے جانی جاتی تھیں، نے دین اسلام کی خاطر اپنے کامیاب کیریئر کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اپنے انٹرویو میں انہوں نے جذباتی انداز میں بتایا کہ انہیں اندازہ نہیں ہوا کہ شوبز میں داخل ہونے کے بعد آہستہ آہستہ ان کے لباس کا انداز بدلتا چلا گیا۔ وہ اس ننگے پن کو آزادی اور جدت سمجھنے لگیں تھیں، لیکن حقیقت میں وہ اپنی سادگی اور حیاء کھو بیٹھی تھیں۔ شوبز کی دنیا میں رہتے ہوئے، ان کا ایمان کمزور ہوتا چلا گیا اور وہ جان ہی نہ پائیں کہ وہ کس راہ پر جا رہی ہیں۔
ثناء خان نے انٹرویو میں بتایا کہ بگ باس شو کے بعد انہوں نے قرآن کا ترجمہ پڑھنا شروع کیا جس کے بعد ان کی زندگی میں بڑی تبدیلی آئی۔ وہ بتاتی ہیں کہ قرآن کی تعلیمات نے ان کی زندگی کو نئی روشنی دکھائی اور وہ اپنی اصل حقیقت کی طرف لوٹ آئیں۔
ثناء خان نے کہا کہ ان کے شوہر، مفتی انس، ان کے لیے ایک نعمت ہیں۔ ان کے شوہر کی سپورٹ نے ان کا زندگی کا سفر آسان بنا دیا اور وہ ان کے ساتھ ہونے کو اپنی خوش قسمتی سمجھتی ہیں۔ ثناء کا کہنا ہے کہ دین کی راہ میں ان کے شوہر کا کردار بے حد اہم رہا ہے۔
ثناء خان کا شمار ان چند اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے دینِ اسلام کی خاطر اپنے کیریئر کی بلندیوں پر شوبز کو چھوڑا۔ ان کی فلمیں جیسے کہ ’جے ہو‘، ’وجہ تم ہو‘ اور ’ٹائلٹ ایک پریم کتھا‘ نے انہیں بالی ووڈ میں عروج پر پہنچا دیا تھا۔ ان کی اداکاری اور ماڈلنگ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، لیکن دین کی خاطر وہ اس دنیا سے الگ ہو گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ شوبز کو چھوڑنے پر بہت خوش اور مطمئن ہیں۔ وہ اس فیصلے کو اپنی زندگی کا سب سے اہم اور صحیح فیصلہ سمجھتی ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتی ہیں کہ وہ انہیں سیدھی راہ پر لے آیا۔