بے اولاد خواتین کو معاشرہ کیسے دیکھتا ہے؟
ممبئی :ـمعروف بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر کی اہلیہ اور ممتاز اداکارہ شبانہ اعظمی نے اپنے ذاتی تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ خواتین کو اولاد نہ ہونے کی وجہ سے نامکمل ہونے کا احساس دلاتا ہے۔
ایک انٹرویو میں شبانہ اعظمی نے کہا کہ معاشرہ خواتین کی شناخت اور خود اعتمادی کو ان کے رشتوں یعنی بیوی، ماں یا بیٹی ہونے کے حوالے سے دیکھتا ہے، جب کہ مردوں کی کامیابی کا پیمانہ ان کے کیریئر اور پیشہ وارانہ کام ہوتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اولاد نہ ہونے کی حقیقت کو قبول کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے کیونکہ معاشرہ آپ کو ادھورا ہونے کا احساس دلاتا ہے، اور اس احساس سے باہر نکلنے کے لیے کافی محنت درکار ہوتی ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ انسان کی اصل پہچان اس کے کام اور کردار سے ہوتی ہے، نہ کہ سماجی توقعات سے۔