پاکستان مخالف فلم ‘بارڈر 2’ میں ورون دھون کی شمولیت
بالی وڈ اداکار ورون دھون نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا فلم ‘بارڈر 2’ میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فلم میں ورون دھون سنی دیول کے ساتھ اہم کردار ادا کریں گے، جو کہ 1997 کی مشہور فلم ‘بارڈر’ کا سیکوئل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی مکمل کاسٹ کا جلد اعلان کیا جائے گا اور اس حوالے سے ایک بڑا ایونٹ منعقد کیا جائے گا جہاں تمام اداکار اپنے کرداروں کے حوالے سے تفصیلات پیش کریں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ معروف گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانج بھی ‘بارڈر 2’ کی کاسٹ میں شامل ہو چکے ہیں، اور وہ فلم میں ایک فوجی افسر کا کردار ادا کریں گے۔
سنی دیول نے رواں برس جون میں اس فلم کے سیکوئل کا اعلان کیا تھا، جو کہ بھارت کی سب سے بڑی وار ڈراما فلم سمجھی جاتی ہے۔ ‘بارڈر 2’ کی شوٹنگ اکتوبر میں شروع ہونے کا امکان ہے، اور اس کی کہانی پہلی فلم سے جوڑ کر لکھی گئی ہے، جسے ندھی دتا نے تحریر کیا ہے۔
فلم ‘بارڈر 2’ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ بھارت کے فلمی حلقوں میں ایک بڑی فلم ہوگی، جس کے لیے کافی عرصے سے تیاریاں جاری تھیں۔