گلوکارہ آئمہ بیگ کو دل کا دورہ، انسٹاگرام پر تصویر شیئر
کراچی: معروف پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے حالیہ دنوں میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔
آئمہ بیگ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ دل میں شدید درد محسوس ہونے پر وہ اسپتال پہنچیں، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں کم شدت کے ہارٹ اٹیک کی تشخیص کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ اسپتال کے بستر پر لیٹی ہوئی نظر آ رہی ہیں اور ان کے جسم پر دل کا ٹیسٹ کرنے کے لیے ای سی جی کے پوائنٹس لگے ہوئے نظر ٓارہے ہیں۔
آئمہ بیگ نے اس واقعے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی تناؤ، نیند کی کمی، اور مسلسل بے چینی اس ہارٹ اٹیک کی اہم وجوہات ہیں۔ مزید برآں، طویل سفر، رات کو نیند نہ آنا، اور مسلسل تھکن بھی اس بیماری کی دیگر وجوہات میں شامل ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اس واقعے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ صحت کو پہلی ترجیح دینی چاہیے۔ آئمہ بیگ نے مزید کہا کہ وہ اب اپنی صحت پر زیادہ توجہ دے رہی ہیں، زیادہ آرام کر رہی ہیں، اور سفر سے گریز کر رہی ہیں۔
ان کی پوسٹ پر کچھ صارفین نے مذاق میں سوال کیا کہ کیا ہارٹ اٹیک بھی ‘منی’ اور ‘پرومیکس’ ہوتے ہیں، جبکہ کئی لوگوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
آئمہ بیگ کی جانب سے یہ پیغام ایک اہم یاد دہانی ہے کہ ہماری صحت کو ہر چیز پر مقدم رکھنا چاہیے، اور ہمیں اپنی روزمرہ کی زندگی میں توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔