’’کون بنے گا کروڑ پتی ‘‘ سیزن 16میں امیتابھ بچن فی قسط کتنا معاوضہ لیں گے ؟
ممبئی: بھارت کے مشہور ٹی وی شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے 16ویں سیزن کا آغاز ہوگیا ہے، جس کی میزبانی ایک بار پھر بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کر رہے ہیں۔
’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے سیزن 16 کا آغاز 12 اگست سے ہوا ہے، اور مداحوں نے ایک بار پھر امیتابھ بچن کو شو کی میزبانی کرتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ سیزن 15 کی آخری قسط میں اداکار کے جذباتی پیغام نے شائقین کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا تھا کہ شاید وہ اگلے سیزن کی میزبانی نہ کریں، مگر وہ دوبارہ اس شو کے ساتھ واپس آ گئے ہیں۔
مداح اکثر اس بات پر تجسس کا شکار رہتے ہیں کہ امیتابھ بچن ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کی میزبانی کے لیے کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟ اس بارے میں بھارتی میڈیا کی ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، امیتابھ بچن نے ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے پہلے سیزن (2000) میں فی قسط 25 لاکھ روپے معاوضہ وصول کیا تھا۔ تاہم، وقت کے ساتھ ساتھ شو کی مقبولیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کے معاوضے میں بھی اضافہ ہوتا گیا۔
چوتھے سیزن تک، امیتابھ بچن کا معاوضہ دگنا ہو گیا تھا، اور وہ فی قسط 50 لاکھ روپے وصول کرنے لگے تھے۔ سیزن 6 تک ان کا معاوضہ بڑھ کر ڈیڑھ کروڑ روپے فی قسط ہو چکا تھا، جبکہ سیزن 8 میں ان کا معاوضہ 2 کروڑ روپے سے بھی تجاوز کر گیا۔
مزید یہ کہ، سیزن 9 میں امیتابھ بچن کا معاوضہ بڑھ کر 2 کروڑ 60 لاکھ روپے فی قسط ہو گیا تھا، جبکہ سیزن 10 میں وہ 3 کروڑ روپے فی قسط وصول کر رہے تھے۔
’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے 11ویں سے 13ویں سیزن تک، امیتابھ بچن نے ساڑھے 3 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ وصول کیا، اور 14ویں سیزن میں ان کا معاوضہ 4 کروڑ روپے فی قسط تک پہنچ گیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، امیتابھ بچن ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے 16ویں سیزن کے لیے 5 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ وصول کر رہے ہیں، جو کہ بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل ہے۔