لوگوں کو پہلے جنت پھر دوزخ دکھاتی ہوں اداکار متھیرا
اداکارہ، ماڈل، اور ٹی وی میزبان متھیرا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ کسی بھی نئے رشتے یا تعلق کے آغاز میں پہلے لوگوں کو اپنی شخصیت کے سخت پہلوؤں سے روشناس کراتی ہیں، اور پھر انہیں اپنے نرم اور خوشگوار پہلو دکھاتی ہیں۔ متھیرا نے نیو ٹی وی کے شو "زبردست” میں شرکت کرتے ہوئے اپنی زندگی کے بہت سے لمحات پر دل کھول کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کے ساتھ تعلقات میں کئی گلے اور شکوے تھے، اور انہوں نے 14 سال کی عمر سے اپنے والد سے بات کرنا چھوڑ دی تھی۔ ان کے والد کے انتقال کے بعد ہی انہوں نے انہیں معاف کیا اور اپنے دل کے شکوے بھلا دیے۔
متھیرا نے اپنی شادی اور اس سے جڑے تلخ تجربات پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ کئی سال تک شوہر کے جسمانی اور ذہنی تشدد کا سامنا کرتی رہیں، اور باوجود اس کے کہ انہوں نے تعلق بچانے کی کوشش کی، آخر کار ان کے شوہر نے انہیں چھوڑ دیا۔ اس کے بعد وہ ایک لمبے عرصے تک صدمے میں مبتلا رہیں لیکن اب وہ سمجھتی ہیں کہ اس دوران انہوں نے بڑی غلطی کی کہ تشدد کو برداشت کرتی رہیں۔
اپنے سابق بوائے فرینڈز کے بارے میں بات کرتے ہوئے متھیرا نے کہا کہ اب ان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، لیکن رومانوی روابط ختم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اکثر دوستوں کے ساتھ مذاق میں گالیاں دیتی ہیں، لیکن لڑائی کے وقت تمیز سے بات کرتی ہیں تاکہ کسی کو برا نہ لگے۔
متھیرا نے کہا کہ اگر کوئی ان کے ساتھ بدتمیزی کرتا ہے تو وہ بھی اس کے ساتھ سختی سے پیش آتی ہیں، کیونکہ ان کے اندر بھی دو مرد چھپے ہوئے ہیں جو ایسے وقت میں سامنے آجاتے ہیں۔ ان کے مطابق، وہ کسی کو پہلی ملاقات میں جنت نہیں دکھاتیں، بلکہ پہلے اپنی سختی دکھاتی ہیں تاکہ جو شخص ان کے ساتھ رہنا چاہتا ہے، وہ ان کی شخصیت کے تمام پہلوؤں کو جان لے۔
متھیرا نے واضح کیا کہ ان کی زندگی کے تجربات نے انہیں سکھایا ہے کہ جو لوگ مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ جاتے ہیں، انہیں واپس آنے پر عزت نہیں دی جانی چاہیے۔