مجھے شوہر کے نام کے ساتھ کیوں پکارا؟ جیا بچن دوبارہ ناراض
نئی دہلی: بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور راجیہ سبھا کی رکن جیا بچن نے ایک بار پھر اپنے نام کے ساتھ شوہر امیتابھ بچن کا نام جوڑنے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ حالیہ واقعے میں راجیہ سبھا کے چیئرمین نے جیا بچن کو شریمتی جیا امیتابھ بچن کہہ کر پکارا جس پر اداکارہ نے فوری طور پر اعتراض کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجیہ سبھا کے چیئرمین نے جیا بچن کو ان کے شوہر کے نام کے ساتھ مخاطب کیا تو اس پر اداکارہ نے سوال اٹھایا، "شکریہ سر، کیا آپ کو امیتابھ کا مطلب معلوم ہے؟” چیئرمین نے جیا بچن کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے نام کو تبدیل کروانے پر غور کریں، چونکہ اس کا طریقہ کار موجود ہے، جسے وہ خود 1989 میں استعمال کرچکے ہیں۔
جیا بچن نے کہا کہ وہ اپنے نام پر فخر کرتی ہیں اور اپنے شوہر امیتابھ بچن کی کامیابیوں کی قدر کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ حالیہ دور میں اٹھایا گیا ہے اور ان کے خیال میں مرد اراکین پارلیمنٹ کے ناموں کے ساتھ بھی ان کی بیویوں کا نام شامل کرنا چاہئے۔ جیا بچن نے اپنے نام میں کوئی تبدیلی کرنے کے بجائے اس پر اپنی مکمل رضامندی ظاہر کی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جیا بچن نے اپنے نام کے ساتھ شوہر کا نام جوڑے جانے پر اعتراض کیا ہو۔ پچھلے ہفتے بھی راجیہ سبھا میں انہوں نے اسی نوعیت کے مسئلے پر سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ اس بار بھی انہوں نے اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے اس معاملے کی سنجیدگی پر زور دیا ہے۔
اس واقعے کے بعد عوام میں جیا بچن کے حق میں اور مخالفت میں دونوں طرح کے ردعمل دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ بہت سے افراد نے جیا بچن کی حمایت کی ہے، جبکہ کچھ نے اس مسئلے کو غیر اہم قرار دیا ہے۔ حکومتی حلقے اور پارلیمانی عہدیداروں نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے آئندہ کے لیے بہتر طریقہ کار کی تجاویز پر غور کرنے کا وعدہ کیا ہے۔