ویڈیوز اصلی مگر گن پوائنٹ پر بنوائی گئیں، خلیل الرحمن قمر کا دعویٰ
لاہور: معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی نازیبا ویڈیوز بندوق کے زور پر بنائی گئیں اور وہ حقیقی ہیں۔ ایک یوٹیوبر کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے تصدیق کی کہ انہیں نازیبا ویڈیوز بنانے پر مجبور کیا گیا تھا۔
خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ انہوں نے یرغمالیوں سے احتجاج کیا کہ وہ بندوق کے سامنے ایسا نہیں کرسکتے، لیکن انہیں زبردستی ایسا کرنے پر مجبور کیا گیا۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر خلیل الرحمان قمر کی نازیبا ویڈیوز وائرل ہوئیں جس میں انہیں ایک خاتون کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ خلیل الرحمان قمر حال ہی میں ایک جرائم پیشہ گروہ کی جانب سے ہنی ٹریپنگ اسکیم کا نشانہ بنے تھے، جس کے بعد انہیں تاوان دیکر چھوڑا گیا۔
اغوا کیس کے مرکزی ملزم نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے پاس خلیل الرحمان قمر کی دو ویڈیوز ہیں اور دونوں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے طویل ہیں۔ ملزم نے بتایا کہ ان ویڈیوز میں خلیل الرحمان قمر کو ایک خاتون کے ساتھ قربت بڑھانے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس نے مبینہ طور پر انہیں اپنے جال میں پھنسایا تھا۔
یہ واقعہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے اور سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس نے لوگوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔