معروف کامیڈین کی وفات پرفنکاروں کااظہارافسوس
لاہور: مشہور کامیڈین سردار کمال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی اچانک وفات پر فنکاروں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اداکار عمران اشرف نے کہا کہ سردار کمال کی موت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، کیونکہ وہ ایک سچے دوست اور عظیم فنکار تھے۔ عمران اشرف نے مزید کہا کہ
سردار کمال ہمیشہ ان کے ساتھ رہے اور ان کے بغیر ان کا پروگرام ادھورا رہ گیا ہے۔اداکار افضل خان (ریمبو) نے بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سردار کمال کے ساتھ بھائیوں اور دوستوں جیسا تعلق تھا۔ انہوں نے کہا کہ سردار کمال ایک نیک انسان اور بہترین دوست تھے، جنہوں نے کبھی اونچی آواز میں بات نہیں کی۔ہنی البیلا نے سردار کمال کی اچانک موت پر
دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ابھی بھی یقین نہیں آ رہا کہ وہ ہمارے درمیان نہیں رہے۔ انہوں نے سردار کمال کی خوش مزاجی اور دلعزیزی کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ ہمیں بہت یاد آئیں گے۔اداکار افتخار ٹھاکر نے سردار کمال کی موت کو ایک بڑی خسارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف فنکار نہیں بلکہ استاد بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ سردار کمال نے ہر
شعبے میں کام کیا اور ان کے جانے سے دل ٹوٹ گیا ہے۔
کامیڈین نسیم وکی نے کہا کہ سردار کمال ان کے بڑے بھائی اور استاد تھے، اور ان کا جانا برداشت کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے سردار کمال کے ساتھ اپنی زندگی کے اہم لمحوں کا ذکر کیا
اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے۔اداکارہ ریشم نے بھی سردار کمال کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنے سے انہیں خوشی ملتی تھی۔ انہوں نے سردار کمال کی محبت اور انسانیت کا ذکر کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے۔