ممبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) — بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکیوں کی زد میں آ گئے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، انہیں اور ان کی گاڑی کو بم سے اُڑانے کی نئی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس پر پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ دھمکی آج صبح ممبئی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر ایک نامعلوم شخص کی جانب سے بھیجے گئے ٹیکسٹ میسج کے ذریعے دی گئی۔ ٹیکسٹ میں واضح طور پر کہا گیا کہ "سلمان خان کو ان کے گھر میں گھس کر مار دیا جائے گا، اور ان کی گاڑی کو بھی بم سے اُڑا دیا جائے گا”۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز پیغام کے فوراً بعد سائبر کرائم اور انٹیلی جنس ونگ کو متحرک کر دیا گیا ہے، اور نامعلوم شخص کی شناخت اور اس کے مقاصد جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس، باندرہ میں پہلے ہی سیکیورٹی سخت ہے، تاہم اس واقعے کے بعد مزید حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بشنوئی گینگ سے منسلک شوٹرز نے سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی تھی، جس کے بعد ان کی جان کو لاحق خطرات کے باعث مہاراشٹرا حکومت نے ان کی سیکیورٹی "وائی پلس” لیول تک بڑھا دی تھی۔ ذرائع کے مطابق، گزشتہ دو سالوں کے دوران یہ پانچواں موقع ہے جب سلمان خان کو جان سے مار دینے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ سلمان خان ماضی میں کالا ہرن شکار کیس کے باعث بشنوئی کمیونٹی کے بعض گروپوں کے نشانے پر رہے ہیں، اور متعدد بار انہیں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنی سرگرمیاں محدود کرنا پڑی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک دھمکی کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور سلمان خان کی سیکیورٹی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس واقعے نے بالی ووڈ حلقوں اور مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر سلمان خان کے حق میں اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔