لاہور — شوبز کی دنیا میں کئی نام آتے ہیں، کئی گم ہو جاتے ہیں، لیکن چند شخصیات اپنی بے باکی اور دبنگ مزاج کے باعث ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں۔ ایسی ہی ایک شخصیت ہیں وینا ملک، جنہوں نے حالیہ انٹرویو میں کچھ ایسے انکشافات کیے ہیں کہ شوبز کے حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔
اداکاری، ماڈلنگ، میزبانی اور سیاست پر اپنی منفرد رائے دینے والی وینا ملک نے انٹرویو کے دوران کہا کہ "آج تک کسی میں ہمت نہیں ہوئی کہ مجھے کوئی غلط پیشکش کرے۔” وینا ملک نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بہت کم عمری سے خودمختار زندگی گزارنا شروع کر دی تھی۔ ان کے بقول، "جب میں ساتویں جماعت میں تھی، تو والدین سے آخری بار 100 روپے لیے تھے، اس کے بعد کبھی پیسوں کے لیے کسی کی طرف نہیں دیکھا۔” یہ بیان نہ صرف ان کی خودداری کی علامت ہے بلکہ شوبز انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے والی خواتین کے لیے ایک مثال بھی۔
وینا کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ دولت اور شہرت کی خواہشمند رہی ہیں، اور حیرت انگیز طور پر انہیں جو کچھ ملا، وہ ان کی توقعات سے کہیں بڑھ کر تھا۔ "میری خواہش تھی کہ میرے پاس دولت ہو، لیکن اللہ نے میری سوچ سے زیادہ دیا۔ مجھے عزت، شہرت، طاقت اور مقام ملا اور یہ سب میری محنت کا نتیجہ تھا۔”
انٹرویو کے سب سے زیادہ زیرِبحث جملے میں وینا ملک نے کہا کہ "کسی میں جرات نہیں کہ مجھے غلط کام کی پیشکش کرے۔ نہ پاکستان میں، نہ بھارت میں، کسی نے کبھی ایسا کیا۔” انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بے شمار شادی کے پرپوزلز موصول ہوئے، لیکن کسی نے کبھی بدتمیزی یا غلط رویے کی کوشش نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک باوقار خاتون ہیں اور ان کی موجودگی ہی دوسروں کو حد میں رکھتی ہے۔