بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کرینہ کپور اپنے فلمی کیریئر کے آغاز سے ہی خبروں میں رہی ہیں، خاص طور پر ان کے تعلقات اور محبت کی کہانیاں بھارتی میڈیا میں اکثر زیر بحث رہی ہیں۔ چاہے وہ اداکار شاہد کپور کے ساتھ ان کا مشہور معاشقہ ہو یا نوابزادہ سیف علی خان سے ان کی شادی، کرینہ کی نجی زندگی ہمیشہ مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ تاہم، بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ کرینہ کپور ایک وقت میں بھارت کے معروف سیاستدان راہول گاندھی کو بھی پسند کرتی تھیں اور ان سے ملاقات کی خواہشمند تھیں۔
بھارتی میڈیا میں حال ہی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، کرینہ کپور نے اپنے ابتدائی فلمی دور میں مشہور سیاستدان اور کانگریس رہنما راہول گاندھی کے لیے اپنی پسندیدگی کا برملا اظہار کیا تھا۔ کرینہ نے یہ اعتراف ایک ٹی وی شو کے دوران کیا تھا، جب وہ میزبان سیمی گریوال کے شو میں شریک ہوئیں۔
دورانِ انٹرویو، کرینہ سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں دنیا میں کسی بھی شخصیت کو ڈیٹ کرنے کا موقع ملے تو وہ کس کا انتخاب کریں گی؟ اس سوال پر کرینہ نے تھوڑی ہچکچاہٹ کے بعد کہا، "مجھے نہیں معلوم کہ مجھے یہ کہنا چاہیے یا نہیں کیونکہ یہ تھوڑا متنازع ہو سکتا ہے، لیکن میں راہول گاندھی کو ڈیٹ کرنا چاہوں گی۔”
کرینہ نے اس کی وضاحت دیتے ہوئے مزید کہا، "میں راہول گاندھی کی تصویریں دیکھتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ انہیں جاننا کتنا دلچسپ ہوگا۔ میرا تعلق ایک فلمی گھرانے سے ہے، جبکہ وہ ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے شاید ہماری گفتگو دلچسپ رہے۔”
کرینہ کپور کے اس بیان نے اس وقت میڈیا میں کافی ہلچل مچا دی تھی، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ معاملہ دب گیا۔ بعد میں کرینہ کی زندگی میں سیف علی خان آئے اور دونوں کے درمیان گہری محبت پروان چڑھی، جس کے نتیجے میں 2012 میں ان کی شادی ہوئی۔ آج کرینہ اور سیف دو بچوں، تیمور اور جہانگیر (جے) کے والدین ہیں اور ایک خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔
اگرچہ کرینہ کپور اور راہول گاندھی کے درمیان کبھی کوئی تعلق نہیں رہا، لیکن ان کا یہ بیان آج بھی مداحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنتا ہے اور بالی ووڈ اور سیاست کے امتزاج پر مبنی ایک منفرد کہانی کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔