بنگلورو: بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف کناڈا اداکارہ رانیا راؤ کو 14.8 کلو گرام سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے اہلکاروں نے بنگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اداکارہ کو روکا، جس کے دوران ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں سونا برآمد ہوا۔تحقیقات کے مطابق اداکارہ نے گزشتہ 15 روز میں 4 مرتبہ دبئی کا سفر کیا تھا، جس کے باعث ڈی آر آئی حکام نے ان پر نظر رکھی ہوئی تھی۔ دو روز قبل جب وہ دوبارہ دبئی سے بنگلورو پہنچیں تو تلاشی کے دوران ان کے کپڑوں اور جیکٹ میں چھپائی گئی سونے کی سلاخیں برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق رانیا راؤ کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک میں اور کون سے افراد ملوث ہیں۔