ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی ایک حالیہ ٹوئٹ نے ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا طوفان کھڑا ہوگیا۔ امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے صرف تین الفاظ لکھے "Time to go” (جانے کا وقت آگیا ہے)۔ ن مختصر الفاظ نے مداحوں کو حیران و پریشان کر دیا اور سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
ٹوئٹ کے بعد مداحوں نے مختلف اندازے لگانے شروع کر دیے۔ کچھ کا خیال تھا کہ یہ ان کی فلمی زندگی یا "کون بنے گا کروڑ پتی” سے ریٹائرمنٹ کا اشارہ ہوسکتا ہے۔ کئی صارفین نے اسے ان کی صحت سے متعلق تشویش سے جوڑ دیا اور خیریت دریافت کرنے لگے۔ بعض لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ شاید امیتابھ بچن فلمی دنیا کو خیرباد کہنے والے ہیں۔
بالآخر، "کون بنے گا کروڑ پتی 16” کے تازہ ترین ایپی سوڈ میں اس معمہ کو حل کر دیا گیا۔ شو کے دوران ایک شائق نے ان سے سوال کیا کہ:
"سر، آپ نے کہا تھا کہ جانے کا وقت آگیا ہے، آپ کہاں جا رہے ہیں؟” اس پر امیتابھ بچن نے ہنستے ہوئے وضاحت کی "ارے! ہمارے کام سے جانے کا وقت آیا تھا۔ آپ لوگ تو عجیب بات کرتے ہیں! ہم رات کے 2 بجے تک شو کی ریکارڈنگ کرتے ہیں، پھر گھر پہنچتے پہنچتے دیر ہو جاتی ہے، تو میں نے بس یہی لکھا تھا۔ لیکن لکھتے لکھتے نیند آگئی اور ٹوئٹ ادھوری رہ گئی!”
بگ بی کی وضاحت سن کر مداحوں نے سکھ کا سانس لیا، اور سوشل میڈیا پر ہنسی مذاق کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بہت سے لوگوں نے امیتابھ بچن کے مخصوص انداز میں "ہائے ہائے یہ لوگ بھی نا!” جیسے جملے لکھ کر مزاحیہ تبصرے کیے۔