بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری نے اپنے دیرینہ دوست ٹونی بیگ کے ساتھ خفیہ طور پر شادی کر لی۔ رپورٹس کے مطابق، نرگس فخری اور ٹونی بیگ نے حال ہی میں لاس اینجلس میں ایک نجی تقریب میں شادی کی، جس میں صرف قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ شادی کی تقریب کو مکمل طور پر میڈیا کی نظروں سے دور رکھا گیا، اور اب یہ جوڑا سوئٹزرلینڈ میں ہنی مون منا رہا ہے۔
نرگس فخری اور ٹونی بیگ کی جانب سے شادی کی کوئی تصویر یا ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی گئی، اور نہ ہی دونوں میں سے کسی نے باضابطہ طور پر شادی کی تصدیق یا تردید کی ہے۔ تاہم، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ جوڑا گزشتہ تین سال سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہا تھا۔ ٹونی بیگ ایک کشمیری نژاد بزنس مین ہیں جو لاس اینجلس میں مقیم ہیں۔ وہ نرگس فخری کے قریبی دوست سمجھے جاتے تھے اور دونوں کو کئی مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
شادی سے قبل نرگس فخری نے ایک بھارتی میڈیا انٹرویو میں اپنے تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا
"میں تفصیلات میں نہیں جانا چاہتی، لیکن میری زندگی میں کوئی ہے اور میں بہت خوش ہوں۔”
امریکا سے تعلق رکھنے والی نرگس فخری بالی وڈ کی کئی مشہور فلموں میں کام کر چکی ہیں، جن میں مدراس کیفے، پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو، میں تیرا ہیرو، ساگاسم، اظہر، ڈشوم اور تورباز شامل ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اداکارہ یا ان کے شوہر کب تک شادی کی خبروں پر باضابطہ ردعمل دیتے ہیں۔