پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی سالگرہ کے موقع پر کیے گئے فوٹو شوٹ نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔ اپنی خوبصورتی اور چلبلی شخصیت کے باعث مشہور ہانیہ عامر کو پاکستان کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، جنہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھی مداحوں کے دل جیتے ہیں۔ اپنی سالگرہ کے موقع پر اداکارہ نے برج دلو کی تھیم کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک خاص واٹر فوٹو شوٹ کروایا، جس میں انہیں منفرد اور بولڈ انداز میں دیکھا گیا۔ یہ تصاویر جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
جہاں کچھ مداحوں نے ان کے فوٹو شوٹ کو تخلیقی اور منفرد قرار دیا، وہیں کئی صارفین نے اسے بے حد بولڈ قرار دیتے ہوئے اداکارہ پر تنقید کی۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ پاکستانی ثقافت میں ایسے فوٹو شوٹس قابل قبول نہیں، جبکہ کچھ نے ہانیہ کی خوداعتمادی اور نیا انداز اپنانے کی کوشش کو سراہا۔
ابھی تک اداکارہ نے اس تنقید پر کوئی جواب نہیں دیا، تاہم وہ اکثر اپنے اسٹائل اور شخصیت کے حوالے سے بے باک موقف اختیار کرتی ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیاں شیئر کرتی رہتی ہیں۔