اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خاتون ٹک ٹاکر امشا رحمان کی مبینہ ویڈیو لیک کرنے والے ملزم عبدالعزیز کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عدنان رسول لاڑک نے کیس کی سماعت کی، جس میں امشا رحمان نے ملزم کو مشروط معافی دے دی۔ سماعت کے دوران خاتون ٹک ٹاکر کے وکیل ہادی علی چٹھہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم اپنے کیے پر شرمندہ ہے، اس لیے وہ اس کی ضمانت کی مخالفت نہیں کریں گے۔ وکیل نے مزید کہا کہ اگر ملزم کو اس کے جرم پر شرمندہ ہونے کی بنیاد پر معافی دی جا رہی ہے تو اس نکتے کو عدالتی حکمنامے میں شامل کیا جائے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے (وفاقی تحقیقاتی ایجنسی) نے امشا رحمان کی مبینہ ویڈیو لیک کرنے کے کیس میں ملوث ملزم عبدالعزیز کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا تھا۔ کیس میں سائبر کرائم قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔