چاہت فتح علی خان کے ساتھ وائرل ویڈیو: متھیرا کی جانب سے سخت ردعمل
معروف ماڈل اور اداکارہ متھیرا نے سوشل میڈیا اسٹار چاہت فتح علی خان کو ان کی اجازت کے بغیر ویڈیو بنانے اور اسے وائرل کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
متھیرا نے کہا کہ ان کی بے باکی کو غلط انداز میں پیش کرنا یا ان کی ذاتی حدود کو عبور کرنا کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وائرل ویڈیو ان کے شو کی ریکارڈنگ سے نہیں بلکہ چاہت فتح علی خان کی جانب سے کسی غیرمعمولی زاویے سے بنائی گئی تھی۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے مہمانوں کا احترام کرتی ہیں، لیکن چاہت نے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔
ان کا مزید کہنا تھا، "میری بولڈ شخصیت کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی بھی میری حدود کو پار کرے، مجھے گلے لگائے یا پشت پر ہاتھ رکھے۔ یہ سب ناقابل قبول ہے، اور باشعور لوگوں کو ایسی حرکتوں سے گریز کرنا چاہیے۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ چاہت فتح علی خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ویڈیو ڈیلیٹ کر دیں گے، لیکن نہ تو ویڈیو ہٹائی گئی اور نہ ہی معافی مانگی گئی۔
اپنے بیان میں متھیرا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ محض شہرت حاصل کرنے کے لیے اس طرح کے کام کرتے ہیں، جو کہ بہت مایوس کن ہے۔
انہوں نے مداحوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا، "براہ کرم میری حدود کا خیال رکھیں، نہ مجھے گلے لگانے کی کوشش کریں اور نہ ہاتھ ملانے کی، کیونکہ میرے ذاتی اصول ہیں جن کا احترام سب پر لازم ہے۔”