جنوبی بھارت کی فلمی صنعت کے مشہور اداکار اور ’’کے جی ایف‘‘ کے مرکزی کردار یش کو آج دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے۔ تاہم کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ فلمی دنیا کی چمک دمک سے پہلے یش کی زندگی جدوجہد اور محنت کی بہترین مثال تھی۔ وہ ایک وقت میں چائے بیچ کر اپنی روزمرہ کی زندگی گزارنے والے عام نوجوان تھے اور ان کی روزانہ کی آمدنی محض 50 روپے تھی۔
’’کے جی ایف‘‘ کی دونوں فلموں نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر 1500 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا، جس نے کناڈا سینما کو عالمی سطح پر روشناس کروایا۔ یہ فلمیں نہ صرف کناڈا فلم انڈسٹری کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلمیں بنیں، بلکہ یش کو بھارت کے نمایاں ترین اداکاروں کی صف میں شامل کر دیا۔
یش کا زندگی کا سفر آسان نہیں تھا۔ ایک بس ڈرائیور کے بیٹے کے طور پر پیدا ہونے والے یش کا خواب تھا کہ وہ کچھ بڑا کریں۔ صرف 16 سال کی عمر میں انہوں نے اپنے والدین کو قائل کیا کہ وہ اپنے خواب پورے کرنے کے لیے گھر چھوڑ دیں۔ وہ بنگلور پہنچے اور کناڈا فلم انڈسٹری میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام شروع کیا، لیکن قسمت نے فوری طور پر ساتھ نہ دیا اور صرف دو دن میں یہ پروجیکٹ ختم ہو گیا۔
ایک انٹرویو میں یش نے بتایا’’میں گھر سے بھاگ آیا تھا اور بنگلور کی بڑی دنیا مجھے ڈرا رہی تھی، لیکن میں ہمیشہ خود پر یقین رکھتا تھا۔ میرے پاس صرف 300 روپے تھے اور معلوم تھا کہ گھر واپس جانا کوئی آپشن نہیں۔‘‘
یش نے بینکا ڈرامہ ٹروپ کا حصہ بن کر اپنی جدوجہد شروع کی، جہاں زیادہ وقت انہوں نے پردے کے پیچھے کام کرتے ہوئے گزارا۔ اپنی روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے انہوں نے چائے بیچی اور دیگر چھوٹے موٹے کام کیے، جس سے ان کی روزانہ کی آمدنی 50 روپے تھی۔ اس کے ساتھ وہ تھیٹر میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے رہے اور تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔
یش کو پہلا بریک ٹی وی سیریل ’’نندا گوکلا‘‘ میں ملا، جہاں ان کی ملاقات ان کی مستقبل کی شریکِ حیات رادھیکا پنڈت سے ہوئی۔ 2007 میں یش نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور 2008 کی فلم ’’راکی‘‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔ تاہم، ان کی پہلی بڑی کامیابی 2010 کی رومانوی کامیڈی فلم ’’مودلا سالا‘‘ سے ملی۔ اس کے بعد ’’کرتکا‘‘، ’’موگینا ماناسو‘‘، ’’ڈراما‘‘، ’’گوگلی‘‘، ’’مسٹر اینڈ مسز رامچاری‘‘، اور ’’ماسٹر پیس‘‘ جیسی مشہور فلموں نے انہیں کامیابی کے آسمان پر پہنچا دیا۔
2018 میں یش نے ’’کے جی ایف: چیپٹر 1‘‘ میں مرکزی کردار ادا کیا، جو ایک انقلابی فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم نے باکس آفس پر 250 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا اور کناڈا سینما کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔ اس کامیابی کو مزید بڑھایا ’’کے جی ایف: چیپٹر 2‘‘ نے، جو عالمی سطح پر یش کی شناخت کا سبب بنی۔
یش کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اگر آپ اپنے خوابوں کو سچ کرنا چاہتے ہیں تو مشکلات کا سامنا ہمت اور استقامت کے ساتھ کریں۔ ان کی کامیابی نہ صرف ان کی محنت کی عکاس ہے بلکہ ایک چائے فروش سے عالمی سپر اسٹار بننے کی کہانی ہر کسی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کی نئی انتظامیہ کے ساتھ مثبت…
اسلام آباد: بنچز اختیارات کیس کو ڈی لسٹ کرنے کے معاملے پر توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کے ایڈیشنل…
اسلام آباد: پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 26 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے الیکشن کمیشن آف…
اسلام آباد/واشنگٹن:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ خطاب عالمی امن کے قیام…
دنیا شدید خشک سالی کے خطرے میں دنیا بھر میں خشک سالی کی شدت بڑھ رہی ہے، اور مغربی امریکا…
جرسی تنازع: پی سی بی کے دباؤ پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے مؤقف بدل لیا بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز…