ممبئی:بھارت کے معروف اداکار سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے اس حملہ آور کی تلاش کے لیے 20 ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو شناخت کیا، جس میں اسے اداکار کے گھر کے کمپاؤنڈ میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں حملہ آور نے ٹی شرٹ، جینز، اور نارنجی رنگ کا اسکارف پہن رکھا تھا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور نے سیف علی خان سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ واقعہ رات تقریباً ڈھائی بجے ممبئی کے پوش علاقے باندرا میں پیش آیا، جہاں مزاحمت کے دوران حملہ آور نے چاقو سے اداکار پر چھ وار کیے۔ ان میں سے دو وار شدید نوعیت کے تھے، اور دو ریڑھ کی ہڈی کے قریب کیے گئے۔
سیف علی خان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی سرجری کی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق اداکار کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ سیف علی خان کی ٹیم نے میڈیا کو بتایا کہ وہ صحتیابی کی جانب گامزن ہیں اور مزید پیچیدگیوں کا سامنا نہیں ہے۔