مشہور اداکار اسامہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ندا یاسر کے مارننگ شو میں ان کی اور زینب شبیر کی منگنی کا ذکر کیے جانے کے بعد ان کے لیے شادی کے رشتے آنا بند ہوگئے۔
اسامہ خان نے حال ہی میں یاسر نواز، دانش نواز، اور ندا یاسر کے یوٹیوب شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کھل کر مختلف موضوعات پر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اب وہ شوبز میں کیریئر بنانے کے بعد شادی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔
اداکار نے وضاحت کی کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ خود سے 15 سال چھوٹی لڑکی سے شادی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں 22 سال کی لڑکی سے شادی کرنی پڑی تو ان کے اور دلہن کی عمر میں 10 سال کا فرق ہوگا۔
اسامہ خان نے بتایا کہ شوبز میں آنے سے پہلے وہ ایک بینک میں ملازمت کرتے تھے اور اپنی تنخواہ سے سونا خرید کر جمع کرتے تھے۔ گوجرانوالہ میں رہتے ہوئے وہ ایک لڑکی سے تعلقات میں بھی رہے۔ ایک شادی میں انہیں ایک لڑکی پسند آئی اور انہوں نے اپنی والدہ سے اس لڑکی سے رشتہ طے کروانے کا کہا، لیکن معلوم ہوا کہ لڑکی کا رشتہ پہلے ہی طے ہوچکا ہے۔
اداکار نے اپنے خاندان کے بارے میں بتایا کہ وہ دو بہنوں اور دو بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں اور ان کے تمام بہن بھائی شادی شدہ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ کورونا کے دوران ان کے والد کو وائرس ہوا، لیکن ان کے والد نے ڈر کی وجہ سے یہ بات کسی کو نہیں بتائی۔ بعد میں، ندا یاسر نے اپنے مارننگ شو میں ان کے والد کے کورونا ہونے کا ذکر کیا۔
اسی طرح، ندا یاسر نے ایک بار مارننگ شو میں یہ بھی کہہ دیا کہ اسامہ خان اور زینب شبیر کی منگنی ہوچکی ہے، جس سے لوگوں کو لگا کہ دونوں شادی شدہ ہیں۔ اسامہ خان نے وضاحت کی کہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا، لیکن اس اعلان کے بعد ان کے لیے رشتے آنا بند ہوگئے۔
پروگرام کے دوران ندا یاسر نے اپنی غلطی تسلیم کی اور وضاحت کی کہ اسامہ خان اور زینب شبیر کی منگنی ہوئی۔