شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ شمالی وزیر ستان میں امن و مان کے قیام کے لیے سیکورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن کیا گیا۔ دوران آپریشن فائرنگ کے تبادلے سے پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گرد کمانڈر کو اسکے ساتھیوں سمیت سیکورٹی فورسز کی جانب سے جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرانٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کیا گیا تھا، آپریشن کے نتیجے میں مارے گئے دہشت گرد کمانڈر کی شناخت راہ زیب عرف خارے کے نام سے ہوئی ہے، تفصیلات کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ جیسے جرائم میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے مختلف نوعیت کا اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، کہا جا رہا ہے کہ اہل علاقہ کی جانب سے سکیورٹی فورسزکے آپریشن کو سراہا گیا ہے، پاک فوج ملک سے دہشت گردی جیسے سنگین جرائم کوختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔