کراچی کے علاقے لانڈھی کے ایک گھر میں گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لانڈھی چار نمبر میں شاہی مسجد کے قریب واقع گھر میں زوردار دھماکا ہوا جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا گیا۔
لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ دھماکا گیس لیکیج کے سبب ہوا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس اور امدادی ادارے نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ جائے حادثہ پر شواہد جمع کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دھماکہ کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا، کئی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گلی میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی متاثر ہوئے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل راولپنڈی میں گیس پائپ لائن میں دھماکہ ہوا تھا ۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے پاس سے گزرنے والی آئل ریفائنری کی سپلائی لائن اور عمارتوں اور گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، ذرائع کے مطابق یہ حادثہ راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں گیس پائپ لائن میں جوڑیاں کے مقام پیش آیا تھا۔