حکومت پنجاب کا تجاوزات مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع ہو گیا۔ نگران وزیراعلی پنجاب کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ازخود تجاوزات کے خاتمے کی مہلت کے اختتام پر آپریشن کا آغاز کیا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، بلدیہ عظمیٰ پولیس، ایل ڈی اے اور دیگر اداروں کی ٹیمیں تیار ہیں۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ راوی زون میں شاہدرہ موڑ تا امامیہ کالونی انسداد تجاوزات آپریشن کیا جائے گا، داتا گنج بخش زون میں مال روڈ پر انارکلی تا پنجاب اسمبلی تک آپریشن کیا جائے گا، اقبال زون میں ٹھوکر سے عبدالستار ایدھی روڈ تک آپریشن شروع ہوگا۔ نشتر زون میں میٹرو سٹیشن قینچی سے کاہنہ نو تک علاقے آپریشن میں شامل ہے۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے مزید کہا ہے کہ عزیز بھٹی زون کے علاقے دھرمپورہ، ہربنس پورہ اور علامہ اقبال روڈ بھی آپریشن میں شامل ہیں جبکہ سمن آباد زون میں چوبرجی سے یتیم خانہ چوک تک آپریشن کیا جائے گا۔ ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ کسی بھی مزاحمت کی صورت میں سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔