کینگروز نے بھارت کو روند ڈالا، روہت اور کوہلی پر خطرے کے بادل
بھارت کو ایڈیلیڈ میں دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی کا مستقبل خطرے میں نظر آنے لگا ہے۔
اس شکست کے بعد شائقین نے کپتان روہت شرما، کوچ گوتم گمبھیر اور بی سی سی آئی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ اس ذلت آمیز شکست کی ذمہ داری کون لے گا۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ٹیم سے باہر کر دینا چاہیے۔
ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں دونوں بیٹرز بری طرح ناکام رہے۔ روہت شرما پہلی اننگز میں 3 اور دوسری اننگز میں 6 رنز بنا سکے، جبکہ ویرات کوہلی نے 7 اور 11 رنز اسکور کیے۔
بھارتی ٹیم اس میچ میں آسٹریلوی بالرز کے سامنے بےبس نظر آئی۔ پہلی اننگز میں 180 رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد بھارت نے دوسری اننگز میں بھی صرف 175 رنز بنائے۔
آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں ٹریوس ہیڈ کی شاندار سنچری کی بدولت 337 رنز بنا کر 154 رنز کی برتری حاصل کی۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے دیا گیا 19 رنز کا آسان ہدف کینگروز نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔
بھارت کی اس ناکامی نے کپتان اور سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، جبکہ ٹیم میں تبدیلیوں کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔