چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے علاقے میں فجر کی نماز کے دوران وضو کے لوٹے پر زبانی تکرار کی وجہ سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سگے بھائی جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے علاقے مبین قلعہ میں نماز فجر کے دوران زبانی تکرار پر ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر 2 سگے بھائی موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا۔ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ تھانہ شبقدر میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
شبقدر پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان نے مسجد میں نماز سے قبل وضو کے لوٹے کے جھگڑے پر تکرار کے بعد گولیاں چلا دیں جس کے نتجے میں 32 سالہ مسکین جبکہ 28 سالہ عبدالصمد جاں بحق ہو گئے۔مقتولین اپس میں سگے بھائی تھے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں جمال خان ولد مزمل شدید زخمی ہو گیا۔
مقتولین کی لاشیں ٹی ایچ کیو ہسپتال شبقدر منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ زخمی شخص کو شبقدر اسپتال میں ابتدئی طبی علاج کے بعد پشاور ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مقتولین کے بھائی منان ولد شمشاد کی مدعیت میں ملزمان جمشید ولد فضل حکیم، مبین، زید اور عبد اللہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔