سابق وزیراعظم عمران خان نیازی پر امانت میں خیانت کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میانوالی میں چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ایک اور ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ مقدمہ تھانہ سٹی تھانہ میانوالی میں سعید اللہ خان نیازی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان کے کہنے پر سابق ممبر قومی اسمبلی امجد علی خان نے 50 لاکھ روپے کی امانت کے طور پر رکھوائی گئی رقم نمل یونیورسٹی میں بطور عطیہ جمع کرا دی تھی۔ مدعی مقدمہ نے کہا ہے کہ 2016 میں اس کا میانوالی کے ایک شہری عبدالکریم کے ساتھ لین دین کا معاملہ تھا جس کو حل کروانے کے لیے سابق ممبر قومی اسمبلی امجد علی خان نے 50 لاکھ روپے بطور سیکیورٹی اور امانت اپنے پاس رکھوا لیے جو بعد میں مجھے واپس کرنے کی بجائے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ایما پر نمل یونیورسٹی میں جمع کرا دئیے۔
پولیس نے ایف آئی آر درج کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز ہی پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے امجد علی خان نے خصوصی عدالت میں پیش ہو کر سرنڈر کر دیا ہے جس پر انہیں میانوالی پولیس نے گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ سرگودھا ریجن کے علاقہ میانوالی سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے امجد علی خان نے خصوصی عدالت سرگودھا میں پیش ہو کر سرنڈر کر دیا جس کو میانوالی پولیس نے گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔