ٹک ٹاکر لڑکی کو دن دیہاڑے سڑک پر گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ 24 سالہ سبرینا ڈورین نامی ٹک ٹاکر نیل سیلون جا رہی تھی، جب اسے گولیاں ماری گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی امریکہ کے ایک ملک چلی میں معروف ٹک ٹاکر لڑکی سبرینا ڈورین کو دن دیہاڑے سڑک پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق قتل کی واردات چلی کے شہر سین تیاگو میں پیش آئی جہاں 24سالہ ٹک ٹاکر سبرینا ڈورین جا رہی تھی اور اسے گولیاں مار کے قتل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سبرینا خود بھی ایک جرائم پیشہ لڑکی تھی اور کار چوری و منشیات سمگلنگ جیسے جرائم میں قید کی سزا کاٹ کر چند روز قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آئی تھی۔ سوشل میڈیا پر اس نے ’بیڈ گرل‘ کے امیج کے ساتھ شہرت پائی اور ٹک ٹاک پر اس کے ساڑھے 3لاکھ سے زائد فالوورز تھے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سبرینا ڈورین کو دن دہاڑے دو نقاب پوش افراد نے 8گولیاں ماریں اور سبرینا ڈورین کی ہی کار میں جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔ چلی پولیس کے مطابق سبرینا کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تھی جبکہ نامعلوم ملزمان کے خلاف سبرینا کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔