"ایران میں گرمی کا قہر: سرکاری دفاتر اور بینک آج بند”
ایران میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث آج سرکاری ادارے اور بینک بند رہیں گے۔
ایران کے مختلف علاقوں میں پچھلے چند دنوں سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس سے درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں گرمی کی شدت کی وجہ سے 225 افراد کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔
ایران میں عمومی طور پر ہفتہ وار تعطیل جمعہ کو ہوتی ہے، مگر اس مرتبہ گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے آج، اتوار کو بھی سرکاری دفاتر اور بینک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، ایمرجنسی سروسز آج بھی معمول کے مطابق کام کرتی رہیں گی۔ گرمی اور توانائی کی بچت کے لیے ہفتے کے دن کام کے اوقات بھی نصف کر دیے گئے تھے۔
مزید برآں، شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو صبح سے شام 5 بجے تک گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق، ایران میں گرمی کی یہ لہر مزید چار دنوں تک جاری رہ سکتی ہے۔