لاہور پولیس نے اغوا برائے تاوان کا جھوٹا کیس بے نقاب کرتے ہوئے محض 12 گھنٹوں میں خودساختہ مغوی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق شہری عبدالرحمان نے اپنے 30 سالہ بیٹے صغیر احمد کے اغوا کی رپورٹ تھانہ قائداعظم انڈسٹریل ایریا میں درج کروائی تھی۔ تاہم پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ واقعہ محض ایک ڈرامہ نکلا۔
تحقیقات میں معلوم ہوا کہ صغیر احمد نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر خود کو اغوا شدہ ظاہر کیا اور گھر والوں سے 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ ڈی آئی جی فیصل کامران کے مطابق پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نام نہاد مغوی اور اس کے دوست کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرلیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے خود ہی اس جعلی اغوا کیس کا اعتراف کر لیا۔گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔