کراچی: شہر قائد میں مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس کی تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ تفتیشی رپورٹ کے مطابق کیس کے مرکزی ملزم ارمغان قریشی کے خلاف 11 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 2 مقدمات میں وہ صلح نامے کے ذریعے بری ہو چکا ہے۔
تفتیشی رپورٹ کے مطابق ارمغان قریشی خیابانِ مومن میں ایک بنگلے میں کال سینٹر چلاتا تھا، جہاں 30 سے 40 لڑکے اور لڑکیاں کام کرتے تھے۔ اس بنگلے میں غیر قانونی طور پر شیر کے 3 بچے بھی رکھے گئے تھے، جب کہ اس کے تحفظ کے لیے 30 سے 35 سکیورٹی گارڈز تعینات تھے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ارمغان بیرونِ ملک سے منشیات منگوانے میں بھی ملوث تھا۔ سال 2019 میں محکمہ کسٹم نے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، تاہم بعد ازاں ارمغان نے ضمانت حاصل کر لی۔ اس کے علاوہ ارمغان پر کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہوئے، جن میں گزری، کلفٹن، درخشاں اور بوٹ بیسن شامل ہیں۔
تفتیشی رپورٹ کے مطابق نیو ایئر نائٹ (31 دسمبر) کو ارمغان کے بنگلے پر پارٹی منعقد کی گئی تھی، جس میں اس کا قریبی دوست شیراز بھی شریک تھا۔ تاہم مصطفیٰ عامر اس روز پارٹی میں موجود نہیں تھا۔ پارٹی کے دوران ایک لڑکی اور ارمغان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد لڑکی وہاں سے چلی گئی۔ اگلے دن ارمغان اور مصطفیٰ کے درمیان کسی ذاتی معاملے پر جھگڑا ہوگیا۔
5 جنوری کو ارمغان نے اسی لڑکی اور اپنے دوست شیراز کو دوبارہ بنگلے پر بلایا۔ اس دوران ارمغان نے لڑکی کو لوہے کی راڈ سے زخمی کیا اور اسے دھمکایا کہ وہ کسی کو اطلاع نہ دے۔ 6 جنوری کی رات ارمغان نے شیراز کے ساتھ مل کر مصطفیٰ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ پہلے اسے لوہے کی راڈ سے مارا گیا، پھر ایک سفید چادر سے اس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر سیڑھیوں سے گھسیٹ کر نیچے لے جایا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصطفیٰ کی گاڑی ارمغان کے بنگلے کی پارکنگ میں کھڑی تھی۔ ملزمان نے اسے اسی گاڑی کی ڈگی میں ڈالا اور حب کی طرف روانہ ہو گئے۔ راستے میں مصطفیٰ کے کپڑے، موبائل فون اور دیگر سامان مختلف مقامات پر پھینک دیا گیا۔ حب پہنچ کر ملزمان نے گاڑی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تاکہ شواہد مٹائے جا سکیں۔ حب سے واپسی کے دوران ملزمان نے کراچی جانے کے لیے کئی گاڑیوں سے لفٹ لی اور ہوٹل پر ناشتہ کیا۔ ایک ہوٹل والے نے ارمغان کے پاس گن دیکھ کر مشکوک نظروں سے دیکھا تو وہ فوراً وہاں سے روانہ ہوگئے۔
چند دن بعد مصطفیٰ کی والدہ نے جب ارمغان سے بیٹے کے بارے میں پوچھا تو اس نے بتایا کہ مصطفیٰ 6 جنوری کی رات ایک اور دوست کے پاس گیا تھا۔ جب مصطفیٰ کی والدہ کو شک ہوا تو ارمغان اور شیراز اسلام آباد فرار ہو گئے۔ پولیس نے جب ارمغان کے بنگلے پر چھاپہ مارا تو ملزم نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر پولیس پر فائرنگ کر دی۔ طویل مقابلے کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا اور اس کی نشاندہی پر اسلحہ اور دیگر شواہد بھی برآمد کر لیے گئے۔
ارمغان قریشی پر 11 مقدمات درج ہیں جن میں سے 2 مقدمات میں صلح نامہ کر چکا ہے۔ دستاویزات کے مطابق ارمغان پر ساحل تھانے میں شہری کو دھمکانے کا مقدمہ 2019 میں درج ہوا تھا، کمپرومائز کی بنیاد پر ملزم ارمغان مقدمے سے بری ہو چکا ہے۔ ارمغان پر شہری کو جان سے مارنے کی دھمکی اور ہوائی فائرنگ کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج ہے، گاڑی فروخت کے تنازع پر شہری کو تشدد اور دھوکا دہی کا مقدمہ گزری تھانے میں درج ہے۔
اس کے علاوہ ارمغان کے خلاف ٹینکر پر فائرنگ اور ٹائر برسٹ کرنے کے الزام کا مقدمہ بھی درخشاں تھانے میں درج تھا جو ملزم اور مدعی کے درمیان کمپرومائز کی بنیاد پر ملزم بری ہو گیا۔ ارمغان کے خلاف وکیل کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ بوٹ بیسن تھانے میں درج ہے، بوٹ بیسن تھانے میں درج مقدمے میں ملزم کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ ملزم کے خلاف مصطفیٰ عامر کے اغوا کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج ہے، پولیس مقابلہ، اقدام قتل کا مقدمہ اے وی سی سی تھانے میں درج ہے جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے دو مقدمات بھی اے وی سی سی میں تھانے میں درج ہیں۔ دستاویزات کے مطابق ارمغان کے خلاف کوریئر کے ذریعے منشیات منگوانے کی کوشش کے دو مقدمات بھی درج ہیں۔
عدالت نے ملزم ارمغان قریشی کو 15 مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔ اس موقع پر اس کے خلاف درج مقدمات کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس بار مضبوط شواہد پیش کیے گئے تو ملزم کو سخت سزا ہو سکتی ہے، لیکن ماضی کی طرح اگر کمزور پراسیکیوشن رہی تو ملزم بچ نکلنے میں کامیاب بھی ہو سکتا ہے۔
دبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کامیابی حاصل کرکے خود کو کرکٹ کی…
کراچی: سندھ حکومت نے اپنے سرکاری ملازمین کو عیدالفطر سے قبل رواں ماہ کی تنخواہیں اور پنشن جاری کرنے کا…
لاہور: پنجاب کے وزیر صحت سلمان رفیق نے میو اسپتال میں انجکشن کے مبینہ ری ایکشن کے باعث ہونے والی…
اسلام آباد: ایف-9 پارک کے قریب خواتین پر تشدد کے کیس میں خواتین اور ملزم جمال کے درمیان صلح ہو…
لاہور: میو اسپتال کے چیسٹ وارڈ میں انجکشن کے مبینہ ری ایکشن سے ہلاکتوں کی تعداد دو ہوگئی، جبکہ دیگر…
اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب…