کراچی – دوست کے ہاتھوں اغوا کے بعد قتل کیے جانے والے مصطفیٰ عامر کے کیس میں محکمہ پراسیکیوشن نے پولیس کی جانب سے کی گئی تفتیش پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کی پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق، پراسیکیوشن نے کیس کے تفتیشی افسر سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف درج چار مقدمات میں اب تک کیا پیش رفت ہوئی، اس حوالے سے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔
محکمہ پراسیکیوشن نے یہ بھی ہدایت دی کہ بتایا جائے ملزمان سے اب تک کیا تفتیش کی گئی ہے، کتنے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں اور آیا کیس میں ڈی این اے اور فنگر پرنٹس کا فارنزک ٹیسٹ شروع ہوا یا نہیں۔ پولیس کی تفتیش میں مبینہ خامیوں کے باعث محکمہ پراسیکیوشن نے تحقیقات پر مزید سوالات اٹھائے ہیں اور کیس میں قانونی پیش رفت کو تیز کرنے پر زور دیا ہے۔