مردان – خیبرپختونخوا کے علاقے مردان میں فرسٹ ایئر کے گمشدہ طالبعلم مزین علی کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، 2 فروری کو مقتول کے والد سرتاج خان نے اپنے بیٹے کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی جس پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے گمشدہ طالبعلم کی تلاش کے لیے ایس ایچ او لوند خوڑ شفیع اللہ خان کی قیادت میں ٹیم تشکیل دی اور تحقیات شروع کردیں۔ تحقیقات کے دوران مزین علی کی لاش ایک کھنڈر نما مکان سے برآمد ہوئی۔ پولیس نے مقتول کے دوست زریاب کو شک کی بنیاد پر گرفتار کر لیا، جو خود میٹرک کا طالبعلم ہے۔ دوران تفتیش زریاب نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم مقتول سے عمر میں ایک سال چھوٹا ہے۔ پولیس نے آلہ قتل (پستول) بھی برآمد کر لیا ہے۔
ایس پی صدر سرکل فیاض خان کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے تاکہ قتل کے تمام محرکات کا پتہ چلایا جا سکے۔