اکشےکمار نے بھول بھلیاں کے سیکوئلز سے نکالے جانے کا انکشاف کر دیا
بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سپر ہٹ فلم "بھول بھلیاں” کے سیکوئل میں شامل نہیں کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اکشے کمار نے حال ہی میں ایک تقریب کے دوران مداحوں کے دلچسپ سوالات کے جوابات دیے۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کامیڈی فلموں میں کم نظر کیوں آئے اور "بھول بھلیاں” کے سیکوئل سے کیوں غائب ہیں۔
ایک مداح نے سوال کیا کہ گزشتہ دہائی میں انہوں نے کامیڈی فلموں میں کام کیوں کم کیا؟ اس پر اکشے نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ پچھلے چند سالوں میں انہوں نے زیادہ تر فلمیں سماجی موضوعات پر بنائیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کامیڈی میں وہ پہلے ہی بہت کام کر چکے تھے، اس لیے انہوں نے کچھ مختلف اور نیا کرنے کے لیے سماجی مسائل پر توجہ دی۔
اکشے نے مزید بتایا کہ اب وہ دوبارہ کامیڈی کی طرف لوٹ رہے ہیں اور اس وقت تین بڑی کامیڈی فلموں "بھوت بنگلا”، "ویلکم” اور "ہاؤس فل 5” کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ "بھول بھلیاں” کے سیکوئل میں کیوں شامل نہیں ہوئے تو انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں فلم کے سیکوئل سے نکال دیا گیا تھا۔ تاہم، اکشے نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں نکالنے کی وجہ کیاتھی۔