آج کی دُنیا نے جہاں انسان کے جینے کے تقاضے بدل دئیے ہیں وہیں ہماری زندگیاں ایسی جدت سے آشنا ہوئی ہیں کہ رشتوں کے مفہوم بھی اب پہلے سے نہیں رہے۔ فیس بُک، ٹویٹر، واٹس ایپ اور انسٹا گرام جیسی سماجی رابطے کی ویب سائیٹس اور ایپلیکیشنز نے لوگوں کو آپس میں اتنا قریب کر دیا ہے کہ اب آپ دُنیا کے جس بھی کونے میں ہوں آپ اپنے پیاروں کے ہر وقت قریب ہوتے ہیں اور ساتھ ہی ایک گھر میں رہنے والوں کو اتنا دور کر دیا ہے کہ بچوں کے پاس ماں باپ کے لئے وقت نہیں اور ماں باپ کے پاس بچوں کی تربیت اور انکے ساتھ چھوٹی چھوٹی خوشیاں بانٹنے کا وقت میسر نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فاصلے سمٹ رہے ہیں لیکن محبتیں ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ یہ انہی سائینسی ایجادات کی کرشمہ سازی ہے کہ دور والے آپکے قریب ہیں اور ساتھ رہنے والے بیگانے، اجنبی دوست ہیں اور اپنے سگے آپکی شکل دیکھنے کو ترس جاتے ہیں۔
سوشل میڈیا جو کہ آپکو نئے نئے لوگوں سے متعارف کرواتا ہے ان میں سے کچھ آپکے اتنے قریب ہو جاتے ہیں کہ اپنوں سے بھی بڑھ کر آپکی خوشی اور غمی میں ہر وقت شریک رہتے ہیں، کچھ سے آپکو سیکھنے کا بہت موقع ملتا ہے وہیں ایسے بھی لوگ ہوتے ہیں جو آپکی کمزوریوں کا ناجائز فائدہ اٹھا لیتے ہیں۔
ہمارے ہاں سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے جس میں آپکو مختلف طرز عمل کے نوجوان نظر آئیں گئے ۔ ایک تو وہ لوگ ہیں جو اس کو صرف ٹائم پاس کے لئے استعمال کرتے ہیں جن کا مشغلہ یا تو خواتین کے نام کی آئی ڈیز بنا کر لوگوں کو تنگ کرنا ہوتا ہے یا پھر نت نئی لڑکیوں سے دوستیاں کرنا، انہیں محبت کے جھانسے دینا اور وقت گزاری کے لئے نئے نئے رستے تلاش کرنا۔ ان میں خواتین بھی شامل ہیں جو کہ اُلٹے سیدھے ناموں کی آئی ڈیز بنا کر لوگوں کو بیوقوف بنانے کے چکر میں ہوتی ہیں۔
دوسری طرف ایک بہت بڑی تعداد ایسے نوجوانوں کی بھی ہے جو مختلف سیاسی جماعتوں کے آلا کار بنے اپنا قیمتی وقت فیس بُک اور ٹویٹر پر ضائع کر رہے ہیں اور انکی سیاسی مخالفین کے ساتھ گفتگو اور الفاظ کی بہودگی انتہائی غیر شائستہ ہوتی ہے۔
سوشل میڈیا کے منفی پہلو کے ساتھ ساتھ بہت سے مثبت پہلو بھی ہیں یہاں آپکو بہت اچھے، شائستہ اور تہذیب یافتہ لوگ بھی ملیں گئے۔ جن سے آپکو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ سوشل میڈیا کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ یہاں اپنی بات دوسروں کو پہنچانے کے لئے ہزاروں لوگوں تک با آسانی پہنچ سکتے ہیں۔ خبر تک رسائی آپکی یہاں بہت آسان ہے۔نفسا نفسی کے اس دور میں جہاں آپ کے پاس اپنے لئے بھی وقت بہت کم ملتا ہے ایسے میں اپنوں سے با خبر رہنے کے لئے یہ ایک بہت آسان اور اچھا ذریعہ ہے۔ سوشل میڈیا پر آپکو نت نئی معلومات کا ذخیرہ بھی با آسانی دستیاب ہوتا ہے۔
آپنے آپکو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ضرور کریں لیکن یاد رکھیں انسان بڑے نقصانات سے صرف اُسی صورت بچ سکتا ہے جب وہ اپنی زندگی اللّٰہ اور اُسکے رسولؐ کے بتائے ہوئے طریقے پر گزارے گا۔ کسی کو دھوکا یا فریب دینے یا کسی کی زندگی برباد کرنے سے پہلے یہ سوچئے گا کہ دوسروں کے گھروں میں لگائی گئی آگ انسان کے اپنے گھر کو بھی خاکستر کر دیتی ہے۔
اپنی زندگی پاکیزہ اور مثبت کاموں میں گزارئیے اور ہمیشہ رشتوں کا احترام کیجئے کیونکہ رشتوں میں عزت و اکرام رشتوں کو سمجھنے سے ملتا ہے۔