چین کے شہر بیجنگ میں طین کے سب سے بڑے اور معروف کار برانڈ ڈونگ فینگ سوکون (ڈی ایف ایس کے) اور پاکستان کے کاروباری گروپ ریگل آٹوموبائلز نے پاکستان میں اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی سیرس 3 لانچ کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کاروں کی صنعت نے حالیہ دور میں کئی الیکٹرک گاڑیوں کا خیرمقدم کیا ہے جس طرح آٹو سیکٹر گرین ٹیکنالوجی کو بڑھانے کے لئے خود کو تیار کر رہا ہے ایسے میں چین کی یہ الیکٹرک کار الیکٹرک وہیکل انڈسٹری میں ایک قابل فخر بات ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ لانچ پاکستان کی آٹو موٹو انڈسٹری میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی لاگت سے نمٹنے اور ملک میں الیکٹرک کاروں کیطرف توجہ مرکوز کرنے میں ایک اہم قدم ہے، اس ای وی گاڑی کی قیمت، بکنگ کی تفصیلات اور ترسیل کا وقت بھی سامنے آگیا ہے۔
کار ساز کمپنی نے بتایا ہے کہ مقامی طور پر اسمبل ہونے والے سیرس 3 کی قیمت 91 لاکھ 99 ہزار روپے ہے، مکمل طور پر بلٹ اپ سیرس 3 ایک کروڑ روپے سے زائد میں فروخت ہو رہی تھی، توقع ہے کہ گاڑی 24 مارچ 2024 تک صارفین کو فراہم کردی جائے گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ایم جی موٹرز نے پاکستان میں اپنی نئی الیکٹرونکس کار کو بھی متعارف کروایا ہے۔ ایم جی پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کی نئی الیکٹرک کار ایم جی فور ای وی کو مقامی صارفین کیلئےمتعارف کروا دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ایچ ایس اور زیڈ ایس کو متعارف کروایا گیا تھا۔