بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے گاڑی خریدنا اب عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔ ایسے میں اگر کئی نئی گاڑی کریدنا چاہتا ہے تو وہ سب سے پہلا سوال یہی کرتا ہے کہ نئی گاڑی کی خریداری سے رجسٹریشن تک کتنا ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے؟
پاکستان میں 1300 سی سی یا اس سے اوپر کی گاڑی کی خریداری پر 1 لاکھ 15 ہزار روپے تک مجموعی ٹیکس اور رجسٹریشن فیس دینا پڑتی ہے جو کہ 3 سال پہلے تک صرف 30 سے 40 ہزار روپے تھی۔ گاڑیوں کے بارے میں معلومات جاننے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں گاڑیوں کی قیمتوں کا تعین مارکیٹ پر منحصر ہوتا ہے۔ ملک میں گاڑیوں کی قیمت اور انڈسٹری کی موجودہ صورتحال کی وجوہات ایکسچینج ریٹ، عالمی معاشی صورت حال اور پاکستان کی مجموعی معاشی صورت حال سے جُڑی ہوئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری تین بڑی کمپنیوں کے گرد گھومتی ہے۔ حکومت نے بڑی کمپنیوں کی اجارہ داری ختم کرنے اور نئے کار مینوفیکچررز کو پاکستانی مارکیٹ میں لانے کے لیے آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ پالیسی 2021-2016 لانچ کی تھی لیکن گاڑیوں پر لگنے والا بے تحاشہ ٹیکس صارفین کیلئے پریشان کن ہے۔