سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کو مزید مہنگا کرنے کیلئے نیپرا کو درخواست بھیج دی ہے۔ اس بھیجی گئی درخواست پر سماعت کل ہو گی، درخواست میں 4 روپے 66 پیسے بجلی میں اضافہ کی اجازت طلب کی گئی ہے۔
پاکستانی نجی ٹی وی چینل کے مطابق سی پی پی اے نے نیپرا سے بجلی کی قیمت میں اضافہ کی ڈیمانڈ نومبر کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور بقایا جات کی مد میں کی ہے۔ اس درخواست میں مؤقف اپنایا گیاہے کہ نومبر مہینے کے دوران پانی کے ذریعے بجلی کی پیداوار 36.5 فیصد، نیوکلیئر سے بجلی کی پیداوار 20 فیصد، ایک ماہ میں مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار 13 فیصد، درآمد کیے گئے کوئلے سے بجلی 6 فیصد ، ایک ماہ کے دوران ایل این جی کے ذریعے بجلی کی پیداوار 10.6 فیصد رہی ، مقامی گیس سےبجلی کی پیداوار 9.2 فیصد رہی ہے۔
جبکہ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز کے کچھ ہی دیر کے بعد شدید مندی دیکھنے میں آئی اور سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی ہے۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبارکا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 61 ہزار 705 پوائنٹس پر تھا لیکن اس میں کچھ ہی دیر بعد 1517 پوائنٹس کی کمی ہوگئی اور 100 انڈیکس 61 ہزار کی نفسیاتی حد کو کھو کر 60 ہزار 187 پوائنٹس پر آ گیا۔ سٹاک مارکیٹ میں شدید گراوٹ کے باعث کاروباری افراد کو شدید نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔