عالمی منڈی میں فی اونجس سونے کی قیمت اضافے کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کے باوجود سونا مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صرافہ مارکیٹ میں 24 کیرٹ فی تولہ سونا 400 روپےمہنگا ہوکر 217200 روپے کا ہوگیا ہے اس کے ساتھ ساتھ دس گرام سونے کے بھاؤ 343 روپے بڑھکر 170696 روپے پر ہوگئے جبکہ عالمی منڈی میں فی اونس سونے کے ریٹ 3 ڈالر کے اضافے سے 2043 ڈالر ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب پبلک ٹرانسپورٹرز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر کرایوں میں کمی کر دی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں مجموعی طور پر 10 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد بسوں، گاڑیوں، کوسٹروں سمیت تمام ذرائع ٹرانسپورٹ کے کرائے 10 فیصد کم کردیے گئے ہیں۔
آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن اور سیکرٹری آر ٹی اے رانا نوید کے درمیان اجلاس میں کرائے کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رانا نوید سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا ہے کہ آئندہ پبلک ٹرانسپورٹ پر کرایہ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے گا جبکہ تمام بسوں، ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ پر روٹ پرمٹ بھی آویزاں کیا جائے گا۔