دسمبر آتے ہی حکومت نے ایل پی جی گیس بھی مہنگی کردی ہے جبکہ اوگرا نے دسمبر کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمت کا اطلاق بھی کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 3 روپے 82 پیسے فی کلو اضافہ کردیا جس کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 254 روپے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کر دیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نگران وفاقی حکومت نے پٹرول سستا کرنے کی اوگرا کی سمری مسترد کر دی ہے۔ نگران حکومت نے آئندہ 7 روز کیلئے پٹرول کی موجودہ قیمت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
البتہ حکومت نے دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے۔ یکم دسمبر سے ڈیزل 7 روپے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 52 پیسے، مٹی کا تیل 3 روپے 82 پیسے سستا کر دیا گیا ہے۔ اب پٹرول کی قیمت 281 روپے 34 پیسے، ڈیزل کی نئی قیمت 289 روپے 71 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 175 روپے 93 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 201 روپے 16 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔