اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو آئندہ ہفتے تک مملکت سے یہ رقم ملنے کی توقع ہے، جس کے بعد مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر موجودہ 17 ارب ڈالر سے بڑھ کر 20 ارب ڈالر ہوجائیں گے۔
گزشتہ ماہ، حکومت نے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب سٹیٹ بینک میں 3 بلین ڈالر جمع کرے گا اور پاکستان کی ادائیگیوں کے توازن کو سپورٹ کرنے کے لیے 1.2 بلین ڈالر تجارتی مالیات میں توسیع کرے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے 27 اکتوبر کو سعودی عرب کی جانب سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کے لیے پاکستانی مرکزی بینک میں 3 بلین ڈالر جمع کرنے کے "سخاوت مندانہ اشارہ” کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ ہز رائل ہائینس شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 بلین ڈالر ڈپازٹ کے ساتھ پاکستان کی حمایت کی اور "1.2 بلین ڈالر کے ساتھ ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مالی اعانت” کی۔
وزیر اعظم نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ "سعودی عرب ہمارے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہا ہے، بشمول اب جب دنیا اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا کر رہی ہے”۔