اسلام آباد: مشیر خزانہ شوکت ترین نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈالر آٹھ سے کم ہو کر نو روپے پر آ جائے گا، ایسے اقدامات سے ملکی کرنسی مزید مستحکم ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ شوکت ترین نے سٹاک ایکسچینج میں تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گیا ہے اور ہم کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے ہیں۔
شوکت ترین نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے پاکستانی کرنسی کی قدر کم ہے۔ حقیقی موثر شرح مبادلہ کے مطابق اس وقت انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ایک سو پینسٹھ سے ایک سو ستتر روپے کے درمیان ہونا چاہیے۔
مشیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ ڈالر آٹھ سے کم ہوکر نو روپے پر آجائے گا، ہم کچھ اقدامات کررہے ہیں جس سے قومی کرنسی کی قدر میں مزید بہتری آئے گی۔
آئی ایم ایف سے معاہدے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی گئیں، ملکی معیشت کے حوالے سے غلط فہمیاں نہ پھیلائی جائیں، ہم ٹیکسوں میں اضافہ نہیں ہونے دیں گے۔
قبل ازیں مشیر خزانہ شوکت ترین نے اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جم بورڈ میں پہلی رجسٹریشن خوش آئند ہے، ایکسپورٹ کرنے والی کمپنیاں جم بورڈ میں آئیں۔
شوکت ترین نے کہا کہ اب ہمیں ڈینٹ مارکیٹ میں درست سمت کا تعین کرنا ہے۔ SMEs اس وقت قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔