پٹرولیم ڈویژن ذرائع کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر کمی کے پیش نظر پاکستان میں بھی 15 نومبر سے قیمتوں میں کمی کا اعلان متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں15نومبر سے آئندہ 15روز کیلئے 8 سے 10 روپے لیٹر تک کمی متوقع ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر مہنگا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 45 پیسے اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 288 روپے پر پہنچ گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈالر کی قیمت میں 52 پیسے کا اضافہ ہوا تھا۔
ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ہی صرافہ مارکیٹ میں سونا بھی مہنگا ہو گیا ہے اور 24 قیرات فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 12ہزار 800 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ 24 قیرات 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 82 ہزار 442 روپے ہو گئی ہے۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں کمی آئی ہے اور فی اونس سونا 1965 ڈالر پر ٹریڈ کر رہا ہے۔