محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے گندم اور آٹے کے ریٹ مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو آٹے کی قیمتوں میں 75 روپے کا ہوشربا اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد فی کلو آٹے کی قیمت 65 روپے سے بڑھا کر 140 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ گندم کا فی من ریٹ 4700 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کا ایکس مل ریٹ 1374 روپے مقرر کیا گیا ہے تاہم 10 کلو آٹے کے تھیلے کا پرچون ریٹ 1399 روپے مقرر ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 2022 میں گندم کا فی من ریٹ 2300 روپے تھا جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا ایکس مل ریٹ پر655 روپے میں دستیاب تھا، اسی طرح 2022 میں 10 کلو آٹے کا تھیلا پرچون میں 650 روپے میں فروخت ہوتا تھا جبکہ فی کلو آٹا 65 روپے میں ملتا تھا۔
دوسری جانب نگران وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باعث 15 نومبر سے ملک میں پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کی کمی کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت جولائی کے بعد سے اب تک 4 فیصد کم ہو چکی ہے جس کے بعد خام تیل کی قیمت کم ترین سطح 78 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔