شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 12روپے اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد برائلر گوشت کی فی کلو قیمت 475 روپے ہو گئی ہے جبکہ مارکیٹ میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت 8 روپے اضافے سے 327 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں فارمی انڈوں کی قیمت 329 روپے فی درجن ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت گر گئی۔ ڈان نیوز کے مطابق سونا فی تولہ 2100 روپے کمی سے 2 لاکھ 11 ہزار روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے پر مقامی نرخوں میں بھی اضافہ ہوا تھا، سونے کی عالمی قیمت 7 ڈالر فی اونس اضافے کے ساتھ 1975 ڈالر ہو گئی تھی جبکہ پاکستانی صرافہ مارکیٹ میں 1300 روپے تولہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
البتہ آج سونے کی قیمت میں 2100 روپے کی بڑی کمی ہو گئی جس کے بعد 24 قیرات سونے کے ساتھ ساتھ 22 قیرات اور 18 قیرات سونے کے نرخ بھی گر گئے ہیں۔
ڈالر بھی 1 روپیہ 42 پیسے سستا ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 283 روپے 50 پیسے تھی لیکن آج اس میں کمی آئی ہے اور ڈالر 282 روپے 8 یسے میں فروخت ہو رہا ہے۔ گزشتہ چند ماہ میں دالر کی قیمت میں کمی ہونے کی وجہ سے پاکستان کا قرضہ بھی کھربوں روپے کم ہو گیا ہے۔ ڈالر کی قدر گرنے اور روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے قرض کا حجم کم ہو گیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کے قرضے میں 12 برس بعد کمی آئی ہے۔