انٹربینک کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر مہنگا ہو گیا، وپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر مہنگا ہو گیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 50پیسے اضافہ ہو گیا، اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 283 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 55 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 281 روپے 50 پیسے میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دیدی، صارفین کے فکسڈ چارجز میں 3900 فیصد اضافے کا اطلاق بھی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی حکومت نے گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔ گیس صارفین کیلئے نئے ٹیرف کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صارفین کے فکسڈ چارجز میں 3900 فیصد اضافے کا اطلاق بھی کر دیا گیا ہے۔گیس کے 57 فیصد صارفین پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں ہیں جن کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، پروٹیکٹڈ کیٹیگری کے صارفین کے لیے صرف فکسڈ چارجز 3900 فیصد اضافے سے 10 روپے سے بڑھا 400 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے تندوروں کیلئے گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے البتہ حکومت نے ملک بھر کے صارفین کیلئے گیس ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی ہے اور اس کے ساتھ صارفین سے وصول کیے جانے والے فکسڈ چارجز میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔