ملک میں برائلر مرغی کی قیمت سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے البتہ فارمی انڈوں کی قیمت پاکستانی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ مارکیٹ میں زندہ برائلر مرغی 295 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے ھبکہ برائلر مرغی کا گوشت 455 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ وجح رہے کہ رواں برس پہلی بار زندہ مرغی کی قیمت 300 روپے سے نیچے آئی ہے جبکہ یکم جنوری سے اب تک مرغی 350 روپے سے 415 کلو فروخت ہوتی رہی۔ قیمت کے حوالے سے پاکستان پولٹری یونین کے نائب صدر ارشد فاروق نے کہا ہے کہ زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں آنے والے دنوں میں مزید کمی ہوگی جبکہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ انڈوں کی قیمت میں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ڈالر مارکیٹ میں چھٹی کے باوجود ڈالر 4 روپے نیچے آگیا ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت 276 روپے 88 پیسے ہو گئی ہے۔ گزشتہ دو روز میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور ڈالر کی قیمت 280 روپے تک پہنچ گئی تھی۔
اس کے ساتھ ساتھ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں کمی کے بعد دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد پاکستان میں بھی سونے کے بھاؤ بڑھ گئے ہیں۔ ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار روپے اضافہ ہو گیا ہے۔ صرافہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار روپے اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 13 ہزار 300 ہو گئی ہے جبکہ صرافہ مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت 1714 روپے اضافے کے بعد 1 لاکھ 82 ہزار پر پہنچ گئی ہے۔ خیال رہے کہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 20 ڈالر فی اونس اضافہ ہوا ہے جس بعد فی اونس سونے کی قیمت 2006 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔